30ستمبر تک شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کردیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) آج سے 30 ستمبر تک بالائی علاقوں میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلاب کے خطرے کے پیش نظر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق 25 اور 26 ستمبر کو مغربی ہواؤں کے نظام کی شدت میں اضافے کا امکان ہے، جس کے باعث بالائی خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔ این ڈی ایم اے کی جانب سے خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے لیے تازہ فلڈ الرٹ بھی جاری کیا گیا ہے۔موسمی صورتحال کے باعث پہاڑی علاقوں اور برساتی ندی نالوں میں اچانک طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔ گلگت بلتستان کے استور، اسکردو، روندو، گھانچے اور شگر جبکہ آزاد کشمیر کی نیلم ویلی، حویلی، پونچھ اور سدھنوتی میں سیلابی صورتحال پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔اسی طرح خیبر پختونخوا کے سوات، باجوڑ، دیر، کوہستان، بٹگرام اور مانسہرہ سمیت مختلف علاقوں میں بھی ممکنہ سیلابی صورتحال کے حوالے سے احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق 30 ستمبر تک پوٹھوہار، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ شدید بارش جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو پیشگی تیاری مکمل رکھنے، ایمرجنسی رسپانس ٹیموں اور ضروری وسائل کو تیار رکھنے جبکہ بارش، ندی نالوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی ہدایت کی ہے۔



