ایف بی آر کو بڑا جھٹکا، غلط کاروباری جگہ سیل کرنے پر ایف ٹی او نے بدانتظامی قرار دے دیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) وفاقی ٹیکس محتسب (ایف ٹی او) نے ٹیکس کیسز میں کاروباری مقامات سیل کرنے کے اختیارات کے استعمال پر ایف بی آر کو اہم ہدایات جاری کردیں، جبکہ کراچی میں غلطی سے سیل کی گئی ایک کاروباری جگہ کو ڈی سیل کرنے کا حکم دے دیا گیا۔ایف ٹی او کے مطابق ایک ٹیکس دہندہ کے خلاف جاری کیا گیا سیلنگ آرڈر غلطی سے دوسرے رجسٹرڈ ٹیکس دہندہ کے دفتر پر نافذ کردیا گیا۔ محتسب نے اس کارروائی کو قانونی اختیار کے بغیر اقدام اور بدانتظامی قرار دیتے ہوئے کاروباری جگہ فوری طور پر ڈی سیل کرنے کی ہدایت کی۔ایف ٹی او نے ایف بی آر کو ہدایت کی کہ کسی بھی کاروباری مقام کو سیل کرنے سے قبل ٹیکس دہندہ کی شناخت، رجسٹریشن، کاروباری پتے اور متعلقہ اجازت ناموں کی مکمل تصدیق کی جائے تاکہ کسی بے گناہ یا غیر متعلقہ کاروباری شخص کے خلاف کارروائی نہ ہو۔وفاقی ٹیکس محتسب نے ایف بی آر کے فیلڈ دفاتر کے لیے واضح اور یکساں ہدایات جاری کرنے کی سفارش بھی کی، تاکہ سیلنگ کے اختیارات قانون اور مقررہ طریقہ کار کے مطابق استعمال کیے جائیں۔ایف ٹی او کے مطابق کاروباری جگہ بحال کیے جانے کے بعد شکایت کنندہ نے معاوضے کے مطالبے سے دستبرداری اختیار کرلی۔محتسب نے قرار دیا کہ ٹیکس قوانین کے تحت حاصل اختیارات استعمال کرتے وقت متعلقہ حکام کو قانونی تقاضوں اور مقررہ طریقہ کار کی پابندی یقینی بنانا ہوگی۔

مزید خبریں

Back to top button