برطانیہ کی ایران کو دوٹوک وارننگ، اپنی سرزمین پر دشمنانہ سرگرمی برداشت نہ کرنے کا اعلان

نیویارک (جانو ڈاٹ پی کے)برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے ایران کو خبردار کیا ہے کہ برطانیہ اپنی سرزمین پر دھمکی، دباؤ ڈالنے کی کوشش یا کسی بھی قسم کی دشمنانہ سرگرمی برداشت نہیں کرے گا۔اسکائی نیوز کے مطابق ایڈ ملی بینڈ نے یہ بیان نیویارک میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی سے ملاقات کے دوران دیا۔
ملاقات میں مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ، آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے اور برطانیہ میں ایران سے منسلک گروہوں کی مبینہ سرگرمیوں سمیت مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔برطانوی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ لندن اپنی سرزمین پر ایسے کسی اقدام کو قبول نہیں کرے گا جسے دھمکی، خوف پھیلانے، دباؤ ڈالنے یا دشمنانہ سرگرمی کے طور پر دیکھا جائے۔دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات ایک ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران اور مغربی ممالک کے درمیان مشرقِ وسطیٰ کی جنگ اور آبنائے ہرمز کی صورتحال پر کشیدگی برقرار ہے۔ملاقات میں آبنائے ہرمز کی بحالی کا معاملہ بھی زیرِ بحث آیا۔ یہ بحری راستہ عالمی تجارت اور توانائی کی ترسیل کے لیے اہم ترین راستوں میں شمار ہوتا ہے، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث اس کی صورتحال بین الاقوامی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔



