راولاکوٹ میں پولیس چوکی پر مسلح حملہ، فرنٹیئر کانسٹیبلری کا اہلکار زخمی

راولاکوٹ(جانوڈاٹ پی کے) راولاکوٹ میں مسلح افراد نے ایک بار پھر پولیس چوکی کو نشانہ بناتے ہوئے جدید اسلحے اور دستی بموں سے حملہ کردیا، جس کے نتیجے میں فرنٹیئر کانسٹیبلری کا اہلکار مشتاق زخمی ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے پولیس چوکی پر شدید فائرنگ کی اور گرنیڈ بھی پھینکے۔ ایک دستی بم قریب گرنے کے باعث کانسٹیبل مشتاق زخمی ہوا، جسے فوری طور پر سی ایم ایچ راولاکوٹ منتقل کردیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ چند روز کے دوران راولاکوٹ کے نواحی علاقوں میں مسلح حملوں کے مختلف واقعات میں سکیورٹی فورسز کے 5 اہلکار زخمی ہوچکے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق تازہ حملے کے بعد سکیورٹی فورسز نے علاقے میں نگرانی اور سکیورٹی مزید سخت کردی ہے، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائی جاری ہے۔
دوسری جانب ماہرین کے مطابق آزاد کشمیر کے عوام نے مسلح گروہوں کے منفی پروپیگنڈے کو مسترد کردیا ہے، جبکہ حالیہ انتخابات کا کامیاب انعقاد بھی اس بات کی علامت قرار دیا جارہا ہے کہ عوام تشدد اور مسلح کارروائیوں کی حمایت نہیں کرتے۔



