حکومت مخالف مظاہرین پرکریک ڈاؤن کی مذمت پر ایرانی اداکارہ کو ایک سال قید کی سزا

تہران(جانوڈاٹ پی کے)ایران میں معروف ایرانی اداکارہ الناز شاکردوست کو  جنوری میں حکومت مخالف مظاہروں کے دوران ہونے والے کریک ڈاؤن میں مارے جانے والے مظاہرین کی حمایت پر ایک سال قید کی سزا سنادی گئی۔

فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق امریکا میں قائم انسانی حقوق کے کارکنوں کی خبر رساں ایجنسی ہرانا کے مطابق  الناز شاکردوست کی سزا کے خلاف اپیل بھی مسترد کر دی گئی ہے، اداکارہ کی سزا میں آن لائن سرگرمیوں پر 2 سال کی پابندی بھی شامل ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق  الناز شاکردوست نے دو دہائیوں پر محیط اپنے فلمی کریئر کے دوران درجنوں ایرانی فلموں میں اداکاری کی ہے۔

اداکارہ نے فروری میں اعلان کیا تھا کہ ملک گیر احتجاج پر کریک ڈاؤن میں ہزاروں افراد کی ہلاکت کے بعد وہ اب ایران میں دوبارہ کبھی اداکاری نہیں کریں گی۔

پیرس میں موجود  اداکارہ کی ایک دوست کے مطابق  الناز شاکردوست اس وقت جیل میں نہیں ہیں، تاہم انہوں نے یہ تصدیق بھی نہیں کی کہ اداکارہ ایران میں موجود ہیں یا نہیں۔

مزید خبریں

Back to top button