وفاقی وزیر رانا تنویر حسین کا بانی پی ٹی آئی عمران خان کو مدمقابل الیکشن لڑنے کا چیلنج


اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) قومی اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ن لیگ اور پی ٹی آئی ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا، جس کے باعث ایوان کا ماحول گرما گیا۔
اجلاس کے دوران وفاقی وزیر رانا تنویر حسین اور پی ٹی آئی رہنما عاطف خان کے درمیان شدید بحث ہوئی جو بعد میں کھلی تلخ کلامی میں تبدیل ہو گئی۔
اس دوران رانا تنویر حسین نے پی ٹی آئی کو چیلنج دیتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے حلقے سے صاف اور شفاف الیکشن جیت کر آئے ہیں اور ان کے مقابلے میں عمران خان کو میدان میں اتارا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ان کے حلقے میں کوئی جعلی ووٹ نہیں پڑا اور وہ براہ راست عوام کے ووٹ سے منتخب ہو کر آئے ہیں۔
بحث کے دوران اپوزیشن ارکان نے دونوں رہنماؤں کو خاموش کرانے کی کوشش کی، تاہم ماحول کشیدہ رہا۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے مداخلت کرتے ہوئے صورتحال کو قابو میں کرنے کی کوشش کی۔
رانا تنویر نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے جو چاہیں کر لیں، آخر میں وہی ہوتا ہے جو مکافاتِ عمل ہوتا ہے۔