رحیم یار خان میں باراتیوں کی ٹریکٹر ٹرالی کو خوفناک حادثہ، 7 افراد جاں بحق، 60 سے زائد زخمی

رحیم یار خان (جانوڈاٹ پی کے)رحیم یار خان میں سردار گڑھ کے قریب باراتیوں سے بھری ٹریکٹر ٹرالی اور ٹرالر کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 7 ہوگئی جبکہ حادثے میں 60 سے زائد افراد زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان شیخ زید ہسپتال کے مطابق حادثے میں زخمی ہونے والے مزید 3 افراد دورانِ علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ حادثے کے دیگر زخمیوں کو شیخ زید ہسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق حادثے کے فوری بعد شیخ زید ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی اور طبی عملے کو زخمیوں کو ہر ممکن بہترین طبی امداد فراہم کرنے کی ہدایت کی گئی۔
ڈپٹی کمشنر نے متاثرہ خاندانوں سے ملاقات اور زخمیوں کی عیادت بھی کی، جبکہ قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
ریسکیو اور انتظامیہ کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں حادثے کی وجہ ٹرالر ڈرائیور کی مبینہ غفلت اور لاپرواہی بتائی جا رہی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



