مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی میں اضافہ: اسماعیل قانی کی اسرائیل کو جنوبی لبنان سے فوری انخلاء کی وارننگ


تہران (ویب ڈیسک)ایرانی پاسدارانِ انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ اسماعیل قانی نے اسرائیل کو جنوبی لبنان سے فوری انخلاء کی سخت وارننگ جاری کر دی ہے۔
ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسماعیل قانی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے اپنی موجودہ پالیسی اور “قبضے” کو جاری رکھا تو اسے 2000ء جیسے حالات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، جب اسرائیلی افواج جنوبی لبنان سے انخلا پر مجبور ہوئی تھیں۔
ان کے بیان میں کہا گیا کہ اگر اسرائیل نے اپنی مرضی سے انخلا نہ کیا تو اسے “ذلت اور شکست” کے ساتھ خطے سے نکلنا پڑے گا، اور تاریخ خود کو دہرا سکتی ہے۔
یاد رہے کہ لبنان میں ہر سال 25 مئی کو “لبریشن ڈے” منایا جاتا ہے، جو 2000ء میں اسرائیلی افواج کے جنوبی لبنان سے انخلا کی یاد میں قومی سطح پر منایا جانے والا دن ہے۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب خطے میں پہلے ہی کشیدگی اور سفارتی دباؤ میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔