وزیر ٹرانسپورٹ کی ہدایت پرکرایوں میں بڑی کمی

لاہور (جانوڈاٹ پی کے \ویب ڈیسک) وزیر ٹرانسپورٹ پنجاب بلال اکبر خان کی ہدایت پر صوبے میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں نمایاں کمی کا اعلان کیا گیا ہے۔
اعلامیے کے مطابق ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی کے تناسب سے کرائے تقریباً ساڑھے 6 فیصد کم کر دیے گئے ہیں۔ یہ کمی یکم مارچ سے بڑھنے والی قیمتوں کے اثرات کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ وہ فیلڈ میں موجود رہیں، عوامی شکایات پر فوری کارروائی کریں اور زائد کرایہ وصول کرنے والوں کے خلاف روزانہ رپورٹ پیش کریں۔
بلال اکبر خان نے کہا کہ حکومت عوام سے کیا گیا وعدہ پورا کر رہی ہے اور اگر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید کمی ہوئی تو کرایوں میں مزید ریلیف بھی دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کا مقصد عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولت فراہم کرنا اور ٹرانسپورٹ نظام میں شفافیت کو یقینی بنانا ہے۔



