سیاسی معاملات کا حل سیاسی طریقے سے ہونا چاہیے، مذاکرات سے مثبت نتائج کی امید ہے، طارق فضل

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے)وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ سیاسی معاملات کا حل سیاسی طریقے سے ہی ہونا چاہیے، حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات میں خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کی روک تھام سمیت اہم امور پر بات چیت ہوگی۔اسپیکر چیمبر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طارق فضل چوہدری نے کہا کہ مذاکرات سے سیاسی معاملات کو بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے اور امید ہے کہ اس عمل کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔وفاقی وزیر نے الزام عائد کیا کہ خیبرپختونخوا حکومت صوبے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت اور متعلقہ اداروں کے ساتھ مطلوبہ تعاون نہیں کر رہی۔ ان کے مطابق صوبے کی سکیورٹی صورتحال بھی مذاکرات میں زیر بحث آئے گی۔
طارق فضل چوہدری نے کہا کہ اسلام آباد پر بار بار چڑھائی کرنا مسائل کا حل نہیں، سیاسی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات 2 اکتوبر کو قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق کے چیمبر میں شروع ہوئے، جن میں سیاسی صورتحال، خیبرپختونخوا کے حالات اور پاکستان تحریک انصاف کے مجوزہ لانگ مارچ سمیت مختلف امور زیر بحث ہیں۔



