خیبرپختونخوا میں لینڈ ریکارڈ کا بڑا ڈیجیٹل انقلاب، ای فرد پورٹل لانچ

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں لینڈ ریکارڈ کے نظام کو جدید بنانے کے لیے ای فرد پورٹل اور ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک سسٹم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح عوام کو ان کی دہلیز پر شفاف، تیز اور آسان خدمات کی فراہمی ہے تاکہ شہریوں کو ریونیو دفاتر کے بار بار چکر نہ لگانا پڑیں۔
نئے ڈیجیٹل نظام کے تحت شہری گھر بیٹھے یا قریبی مرکز سے سرکاری ویب سائٹ، نادرا ای سہولت اور دستک ایپ کے ذریعے اپنی زمین کی فرد حاصل کر سکیں گے۔
نظام میں نادرا کے ذریعے بائیومیٹرک تصدیق کے بعد فرد کی فیس ون لنک یا ایزی پیسہ کے ذریعے الیکٹرانک طور پر جمع کرانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی ہے۔ فرد صارف کے اکاؤنٹ میں محفوظ رہے گی جبکہ کیو آر کوڈ کے ذریعے اس کی آن لائن تصدیق بھی ممکن ہوگی۔اس کے ساتھ شہریوں کو فراہم کی جانے والی ریونیو خدمات کے معیار اور اطمینان کی جانچ کے لیے ڈیجیٹل پبلک فیڈ بیک سسٹم بھی قائم کیا گیا ہے۔ اس نظام کے تحت خدمات حاصل کرنے والے شہریوں سے فون پر رابطہ کرکے ان کی رائے ریکارڈ کی جائے گی۔شہریوں کی جانب سے موصول ہونے والی شکایات اور عدم اطمینان کی رپورٹس براہ راست متعلقہ ڈپٹی کمشنر کے ڈیش بورڈ پر منتقل ہوں گی، جبکہ موصولہ فیڈ بیک کو اضلاع کی ماہانہ کارکردگی کے جائزے میں بھی استعمال کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اس اقدام کو عوامی خدمات کی ڈیجیٹلائزیشن اور ریونیو نظام میں شفافیت کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔



