حکومت اپوزیشن مذاکرات بے نتیجہ، کل دوبارہ بیٹھک ہوگی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی معاملات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کے لیے اسپیکر قومی اسمبلی کے چیمبر میں ہونے والا پہلا دور کسی حتمی نتیجے کے بغیر ختم ہوگیا، تاہم دونوں فریقین نے بات چیت کا سلسلہ کل دوبارہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔

اپوزیشن وفد کی اسپیکر چیمبر آمد پر سردار ایاز صادق نے استقبال کیا۔ مذاکرات میں اپوزیشن کی جانب سے بیرسٹر گوہر علی خان، علامہ راجا ناصر عباس، اسد قیصر، عامر ڈوگر اور سلمان اکرم راجا سمیت دیگر رہنماؤں نے شرکت کی، جبکہ حکومتی وفد میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، شیری رحمان، ڈاکٹر طارق فضل چوہدری، طلال چوہدری، نوید قمر، اعجاز جاکھرانی اور امیر مقام شامل تھے۔

مذاکرات کے دوران اپوزیشن رہنماؤں نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور مشاورت کو اہم مطالبہ قرار دیا۔ سلمان اکرم راجا کے مطابق اپوزیشن انصاف اور بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کا معاملہ اٹھائے گی، جبکہ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ملاقات کے بعد ہی آئندہ کا ایجنڈا طے کیا جائے گا۔

عامر ڈوگر نے سیاسی معاملات کو محاذ آرائی میں تبدیل نہ کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ وہ مذاکرات کے حامی ہیں اور کسی ادارے کے ساتھ تصادم نہیں چاہتے۔ علامہ راجا ناصر عباس نے بھی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کو مذاکرات میں پیش رفت کے لیے اہم قرار دیا۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کے دوران بعض معاملات پر حکومتی اور اپوزیشن ارکان کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ عدالتی معاملات پر وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس کے درمیان بحث ہوئی، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی نے فریقین کو تحمل اور افہام و تفہیم سے معاملات آگے بڑھانے کی تلقین کی۔حکومتی وفد کی جانب سے مذاکرات میں یہ مؤقف بھی سامنے آیا کہ اسلام آباد میں لانگ مارچ یا کسی قسم کے حملے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، جبکہ اپوزیشن سے بھی مذاکرات میں لچک کا مظاہرہ کرنے پر زور دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق بات چیت کے دوران متعدد مواقع پر ماحول کشیدہ ہوا، تاہم مذاکرات کا عمل جاری رکھنے پر اتفاق برقرار رہا۔مذاکرات کے پہلے دور کے اختتام پر فریقین نے طے کیا کہ بات چیت کل دوبارہ ہوگی اور سیاسی معاملات کے حل کے لیے مشاورت جاری رکھی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button