دہری شہریت والے سرکاری افسران کیلئے بڑا فیصلہ، ایک ہفتے میں ڈیکلریشن لازم

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) دہری شہریت رکھنے والے سرکاری افسران سے متعلق سول سرونٹس فارن سٹیزن شپ رولز 2026 پر عملدرآمد مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ سول سرونٹس کو غیر ملکی شہریت اور متعلقہ دستاویزات سے متعلق ڈیکلریشن ایک ہفتے کے اندر جمع کرانے کی ہدایت کردی گئی۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے آفس میمورنڈم جاری کردیا ہے، جس میں سول سرونٹس سے غیر ملکی شہریت، غیر ملکی پاسپورٹ یا سفری دستاویزات اور غیر ملکی شہری سے شادی سمیت متعلقہ تفصیلات طلب کی گئی ہیں۔ 2026 کے قواعد کے تحت سرکاری افسران کو اپنی اور زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت یا متعلقہ حیثیت ظاہر کرنا لازم قرار دیا گیا ہے۔
میمورنڈم کے مطابق مقررہ مدت میں ڈیکلریشن جمع نہ کرانے یا غلط معلومات فراہم کرنے کی صورت میں متعلقہ افسر کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوسکتی ہے۔دستاویز میں واضح کیا گیا ہے کہ غلط ڈیکلریشن جمع کرانا مس کنڈکٹ تصور ہوگا، جبکہ ڈیکلریشن جمع نہ کرانے کی صورت میں سول سرونٹس کے خلاف سول سرونٹس (ایفیشنسی اینڈ ڈسپلن) رولز 2020 کے تحت کارروائی کی جاسکتی ہے۔حکام نے سول سرونٹس کو اپنی اور اپنے زیر کفالت افراد کی غیر ملکی شہریت، غیر ملکی سفری دستاویزات اور متعلقہ معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کے مطابق چیف سیکریٹریز اور صوبائی پولیس سربراہان کو بھی اسی نوعیت کی کارروائی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔



