مذاکرات کا موقع ضائع نہ کریں،طلال چوہدری نے اپوزیشن سے مثبت رویے کی اپیل کردی

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ حکومت نے اپوزیشن سے بات چیت سے کبھی انکار نہیں کیا، وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف فورمز پر مذاکرات کی پیشکش کی اور حکومت پارلیمانی جماعتوں سے مذاکرات کے لیے ہمیشہ تیار رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ وزیراعظم نے عوامی سطح پر، پارلیمنٹ اور کابینہ میں بھی واضح کیا کہ حکومت اپوزیشن سے بات چیت کے لیے تیار ہے۔ ان کے مطابق ماضی میں اپوزیشن کی جانب سے یکطرفہ طور پر مذاکرات سے انکار کیا گیا۔وزیر مملکت داخلہ نے کہا کہ ہر مسئلے کا حل بات چیت کے ذریعے ہی نکالا جا سکتا ہے، اس لیے اپوزیشن کو بھی اس موقع پر مثبت رویہ اپنانا چاہیے۔طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ سیاسی مسائل پارلیمنٹ میں بیٹھ کر مذاکرات کے ذریعے حل کیے جانے چاہئیں اور موجودہ موقع کو ضائع نہیں کرنا چاہیے۔ ان کا یہ بیان حکومت اور اپوزیشن کے درمیان اسلام آباد میں جاری مذاکرات کے دوران سامنے آیا ہے۔



