کینسر سے صحتیابی کے بعد نک میڈنسن کی تقریباً10سال بعد ٹیسٹ ٹیم میں واپسی

سڈنی (جانو ڈاٹ پی کے) آسٹریلیا نے جنوبی افریقا کے خلاف تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کے لیے اسکواڈ کا اعلان کردیا، جس میں 34 سالہ بائیں ہاتھ کے بیٹر نک میڈنسن کو بھی شامل کرلیا گیا ہے، جو تقریباً ایک دہائی بعد دوبارہ ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کے قریب پہنچ گئے ہیں۔
نک میڈنسن کو گزشتہ سال ٹیسٹیکولر کینسر کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد انہوں نے کیموتھراپی سمیت علاج مکمل کیا۔ بیماری کے بعد وہ فرسٹ کلاس کرکٹ نہیں کھیل سکے تاہم حالیہ شاندار فارم نے قومی ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار کردی۔
میڈنسن نے گزشتہ ہفتے ون ڈے کپ میں سنچری اسکور کی، جبکہ رواں سیزن کے لیے انہیں نیو ساؤتھ ویلز کا کپتان بھی مقرر کیا گیا ہے۔وہ 2016 میں آسٹریلیا کی جانب سے تین ٹیسٹ میچز کھیل چکے ہیں، تاہم اس کے بعد سے تقریباً 10 سال تک ٹیسٹ کرکٹ سے دور رہے۔دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹر سیم ہارپر کو بھی اسکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے۔ جوش انگلس انگلی میں فریکچر کے باعث پہلے ٹیسٹ سے باہر ہوگئے ہیں، جس کے بعد ہارپر کو متبادل کے طور پر ٹیم میں جگہ دی گئی ہے۔آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کے درمیان تین ٹیسٹ میچز کی سیریز کا پہلا میچ 9 اکتوبر سے ڈربن میں شروع ہوگا۔دریں اثنا آسٹریلوی ٹیم مینجمنٹ آل راؤنڈر کیمرون گرین کی فٹنس پر بھی نظر رکھے ہوئے ہے، جو پیٹ کی تکلیف کا شکار ہوئے ہیں۔



