بدین:ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی زیر صدارت ضلعی افسران کےکوآرڈینیشن اجلاس میں عوامی مسائل کے حل کیلئے اہم ہدایات

بدین(رپورٹ مرتضیٰ میمن/جانو ڈاٹ/پی کے)ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی زیر صدارت ضلعی افسران کا کوآرڈینیشن اجلاس عوامی مسائل کے حل کے لیے اہم ہدایات تفصیل کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن کی زیر صدارت سیشن کورٹ کے کانفرنس ہال میں ضلع کے تمام محکموں کے افسران کا کوآرڈینیشن اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمہ صحت ریونیو پولیس، ایکسائز، لوکل گورنمنٹ اور دیگر سرکاری محکموں کے ضلعی افسران نے شرکت کی اجلاس کے دوران ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عبدالقدوس میمن نے مختلف سرکاری محکموں کی کارکردگی، عوام کو درپیش مسائل اور ان کے بروقت حل کے حوالے سے متعلقہ افسران سے بریفنگ لی اور ضروری ہدایات جاری کیں انڈس اسپتال کے ہیڈ آف کیمپس ڈاکٹر سکندر علی میمن کو ہدایت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن نے کہا کہ ضلع کے سب سے بڑے اسپتال میں مطلوبہ طبی سہولیات موجود ہونے کے باوجود مریضوں کو دوسرے شہروں میں ریفر کرنا تشویشناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوشش کی جائے کہ مریضوں کو انڈس اسپتال میں ہی زیادہ سے زیادہ طبی سہولیات فراہم کی جائیں تاکہ غریب اور مستحق مریضوں کو علاج کے لیے دوسرے شہروں کا رخ نہ کرنا پڑے. ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن نے چیف میونسپل آفیسر بدین کی کارکردگی پر سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے شہر میں آوارہ کتوں، مچھروں اور صفائی ستھرائی کی ناقص صورتحال کا نوٹس لیا۔ انہوں نے کہا کہ مچھروں کی افزائش میں اضافے کے باعث ملیریا اور دیگر بیماریوں کے کیسز بڑھنے کا خدشہ ہے، جبکہ آوارہ کتوں کے کاٹنے سے ریبیز جیسی مہلک بیماری کے کیسز سامنے آرہے ہیں، جس سے انسانی جانوں کو سنگین خطرات لاحق ہیں انہوں نے شہر کی سڑکوں اور راستوں پر کھڑے گندے اور سیوریج کے پانی کی فوری نکاسی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ خالی پلاٹوں میں کھڑے گندے پانی کی نکاسی کے لیے پلاٹ مالکان کو نوٹس جاری کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ مچھروں کے بڑھتے ہوئے آزار کے باعث شہریوں کے لیے غروب آفتاب کے بعد گھروں کے صحن میں بیٹھنا بھی مشکل ہوگیا ہے، اس لیے مچھروں کے خاتمے کے لیے عملی اور مؤثر اقدامات کیے جائیں سڑکوں کے کنارے قائم پودوں کی نرسریوں کے حوالے سے ہدایات دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سیوریج لائنوں کے اوپر قائم نرسریوں کو ہٹایا جائے، جبکہ باقی نرسریوں میں صفائی ستھرائی کے مناسب انتظامات کیے جائیں تاکہ وہاں کھڑے پانی کے باعث مچھروں کی افزائش کو روکا جاسکے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن نے محکمہ بلڈنگز کے افسران کو ہدایت کی کہ بس اسٹاپس، عدالتوں اور اسپتالوں میں خواتین کے لیے علیحدہ واش رومز کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ دور دراز علاقوں سے آنے والی خواتین کو پریشانی سے بچایا جاسکے انہوں نے پولیس سرجن کو ہدایت کی کہ قتل، زیادتی اور دیگر سنگین مقدمات میں کیمیکل اور فرانزک رپورٹس کے تاخیر سے موصول ہونے کے معاملے کو سنجیدگی سے حل کیا جائے، کیونکہ رپورٹس میں تاخیر کے باعث مقدمات کے فیصلوں میں بھی تاخیر ہوتی ہے، جس سے عوام کو فوری انصاف کی فراہمی کا عمل متاثر ہوتا ہے ریونیو محکمے کے اسسٹنٹ کمشنرز اور مختیارکاروں کو ہدایت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن نے کہا کہ عوام کے روزمرہ اور معمول کے کام مقررہ وقت کے اندر مکمل کیے جائیں انہوں نے کہا کہ ریونیو کے معاملات میں غیرضروری تاخیر کے باعث شہری عدالتوں سے رجوع کرنے پر مجبور ہوتے ہیں، جس سے عدالتوں پر مقدمات کا بوجھ بڑھتا ہے اور دیگر اہم مقدمات کی سماعت اور فیصلوں کا عمل بھی متاثر ہوتا ہے نادرا کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر عبدالجبار شیخ کو ہدایت کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن نے کہا کہ ایف آر سی اور شناختی کارڈ بنوانے کے لیے آنے والے شہریوں کی درخواستوں اور فارموں پر بلاجواز اعتراضات عائد نہ کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف آر سی میں شامل غلط افراد کے نام قانونی طریقہ کار کے تحت خارج کرنے کے لیے بھی شہریوں کو سہولت فراہم کی جائے تاکہ انہیں غیرضروری پریشانی سے بچایا جاسکے، محکمہ جنگلات کے افسران کو ہدایت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضلع میں شجرکاری مہم شروع کی جائے، سرکاری درختوں کی غیرقانونی کٹائی کو روکا جائے اور محکمہ جنگلات کی اجازت کے بغیر لکڑی سے لدی کسی بھی گاڑی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل نہ ہونے دیا جائے آخر میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج بدین عبدالقدوس میمن نے کہا کہ عوام کو انصاف کی فراہمی عدلیہ کی اولین ترجیح ہے۔ عدالتوں میں میرٹ، قانون اور دستیاب شواہد کی بنیاد پر فیصلے کیے جاتے ہیں، قانون سے بالاتر کوئی نہیں اور ہر شخص کو قانون کے دائرے میں رہنا ہوگا

مزید خبریں

Back to top button