پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا سوئی سدرن کو بڑا جھٹکا، 1 ارب 60 کروڑ کے بونس پر حکام سے جواب طلب

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی نے سوئی سدرن کے ملازمین کو مبینہ طور پر خلاف ضابطہ دیے گئے 1 ارب 60 کروڑ روپے کے بونس پر سوالات اٹھا دیے۔

نجی ٹی وی کے مطابق پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی ذیلی کمیٹی کا اجلاس کنوینر سید نوید قمر کی زیر صدارت ہوا، جس میں پٹرولیم ڈویژن کے 2011 سے 2023 تک کے آڈٹ اعتراضات کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سوئی سدرن کے اسٹاف کو دیے گئے بونس سے متعلق آڈٹ اعتراض زیر بحث آیا۔ نوید قمر نے سوال اٹھایا کہ بونس دینے کا طریقہ کار کیا ہونا چاہیے؟ فیصلے بھی ادارہ خود کرتا ہے اور بونس بھی خود ہی دے دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ روزمرہ فرائض انجام دینے پر بونس نہیں دیا جانا چاہیے، جبکہ اس معاملے میں بورڈ بھی جواب دہ ہے۔

کنوینر کمیٹی نے سوئی سدرن حکام کے جواب پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید تفصیلات طلب کر لیں، جبکہ معاملہ آئندہ اجلاس تک مؤخر کر دیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button