غدارکا نام کیوں نہیں لیتے؟،علی امین گنڈا پور اورسہیل آفریدی میں تکرار

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)تحریک انصاف(پی ٹی آئی)خیبرپختونخوامیں اختلاف کا معاملہ سنگین ہوگیا جہاں پارلیمانی گروپ کے واٹس ایپ گروپ میں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی اور سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور میں لفظی تکرار ہوئی۔پی ٹی آئی کی پارلیمانی پارٹی کے گروپ میں وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی کے میسج پر علی امین گنڈاپور نے جواب دیا،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پارلیمانی گروپ میں کہا تھا کہ کچھ عناصر پارٹی کے اندراور باہرحکومت کو کمزور کررہے ہیں جس پر علی امین گنڈاپور نے جواب دیا کہ تم نام کیوں نہیں لیتے’’اس کا،اس کی‘‘ڈائیلاگ کیوں مارتے ہو۔علی امین گنڈاپور نے کہا کہ وزیراعلیٰ صاحب غداری اور وفاداری کے سرٹیفیکٹ بانٹنے کی اتھارٹی آپ نہیں،عمران خان کے ساتھ کون ہے اور کون نہیں باتوں سے نہیں عمل سے ثابت کریں۔انہوں نے کہا کہ فیصلوں کا اختیار صرف عمران خان کے پاس ہے، چھپ چھپ کر ملاقاتیں آپ کرتے ہیں اور اس طرح کے خطاب کسی اور کو دے رہے ہیں۔علی امین گنڈاپور نے وزیراعلیٰ سے کہا کہ جو ذمہ داریاں دی گئی ہیں ان پر فوکس کریں، عمران خان کے علاوہ ہم کسی اور کو نہیں مانتے۔



