عمران خان کی قید کو 1000 دن مکمل، پی ٹی آئی رہنماؤں کا احتجاج

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ کا کہنا ہے کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ناحق قید کو ایک ہزار دن مکمل ہوگئے،  پاکستان کی دھرتی کو آج غریب کے لیے تنگ کردیا گیا۔

لاہور  میں یوم مزدور پر حقوق خلق پارٹی نے  پریس کلب کے باہر مظاہرہ کیا جس میں  اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی،  اسد قیصر ، سلمان اکرم راجہ اور دیگر شریک ہوئے۔

اپوزیشن لیڈر محمود اچکزئی نے پریس کلب کے باہر مظاہرے میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری کمزوری ہے کہ ہم نے مزدوروں کو منظم نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرکے پارٹیاں بنائی جارہی ہیں، بانی پی ٹی آئی نے کوئی گناہ نہیں کیا ،جیل میں نہیں ہونا چاہیے، جو طاقتیں آئین کی مخالفت کریں گے ان کے خلاف صف آرا ہونا ہے، پاکستان کو چلانے کا ایک ہی طریقہ ہے کہ آئین سب کے لیے ہو۔

تحریک انصاف کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  آج بانی پی ٹی آئی کی ناحق قید کو ایک ہزار دن مکمل ہوگئے، پاکستان کی دھرتی کو آج غریب کے لیے تنگ کردیا گیا۔

سلمان اکرم نے کہا کہ کورونا آیا تو بانی پی ٹی آئی نے کہا مزدور کو بے روزگار نہیں کروں گا،  عمران خان نے مزدوروں کے لیے صحت کارڈ دیا،  مزدور کو وہ اجرت ملنی چاہیے جو اس کاحق ہے،  ہماری جدوجہد انصاف ، مزدور اور کسان کے لیے ہے۔

سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مزدور کے لیے اپنے بچوں کو دو وقت روٹی دینا مشکل ہوگیا ہے، پنجاب میں اس مرتبہ گندم کے کسان رل گئے ہیں۔

اسد قیصر نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی انتقام کی وجہ سے جیل میں ہیں، آپ نے ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو دیوار سے لگایا ہوا ہے، غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے کہ ہم پیچھے ہٹ جائیں گے، ہم ڈٹ کر کھڑے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button