پی ایس ایل 11 : پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 7 وکٹوں سےشکست دیدی

لاہور(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان سپر لیگ( پی ایس ایل) 11 میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو با آسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
کراچی کنگز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں پر 182 رنز اسکور کیے۔ جیسن روئے 85 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔اعظم خان نے 35 رنز اسکور کیے۔
پشاور زلمی کے نوجوان فاسٹ بولر علی رضا نے اننگز کی آخری 3 گیندوں پر ہیٹ ٹرک مکمل کی اور مجموعی طور پر میچ میں 4 وکٹیں حاصل کیں۔
اس کے علاوہ محمد باسط، افتخار احمد، سفیان مقیم اور ایرون ہارڈی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
18 سالہ علی رضا پی ایس ایل کی تاریخ میں ہیٹ ٹرک کرنے والے سب سے کم عمر بولر بن گئے ہیں۔ وہ پی ایس ایل میں ہیٹ ٹرک کرنے والے ساتویں بولر ہیں۔
جواب میں پشاور زلمی نے کوشال مینڈس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کراچی کا 183 رنز کا ہدف با آسانی 19 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
پشاور زلمی کی جانب سے کوشا ل مینڈس 80 اور فرحان یوسف 58 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
یوں پشاور زلمی نے ایونٹ میں 8 ویں کامیابی حاصل کرتے ہوئے ٹیبل پر اپنی پہلی پوزیشن برقرار رکھی۔
پشاور زلمی ایونٹ میں اب تک ناقابل شکست ہے، وہ 9 میچز میں 17 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے۔ ایک میچ بارش کی نذر ہوا تھا۔دوسری جانب کراچی کنگز 8 میچز میں 6 پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر ہے۔و
واضح رہے کہ پشاور زلمی پہلے کی پلے آف کیلئے کوالیفائی کر چکی ہے۔



