پنجاب حکومت کا بڑا اقدام، قیدیوں سے ملاقات کیلئے موبائل ایپ متعارف


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) حکومتِ پنجاب نے قیدیوں کے اہلخانہ کی سہولت کے لیے خصوصی موبائل ایپلی کیشن متعارف کرا دی ہے، جس کے ذریعے شہری اب گھر بیٹھے جیل میں قید اپنے عزیزوں سے ملاقات کے لیے پیشگی وقت (اپائنٹمنٹ) حاصل کر سکیں گے۔
حکام کے مطابق نئی موبائل ایپ کا مقصد جیلوں میں آنے والے شہریوں کو جدید، آسان اور مؤثر سہولت فراہم کرنا ہے تاکہ ملاقات کے لیے طویل انتظار، غیر ضروری رش اور انتظامی مشکلات کا خاتمہ کیا جا سکے۔
ایپلی کیشن کے ذریعے شہری اپنی سہولت اور دستیاب اوقات کے مطابق ملاقات کا وقت مقرر کر سکیں گے، جس سے ملاقات کے پورے نظام کو مزید منظم، شفاف اور مؤثر بنانے میں مدد ملے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ اس ڈیجیٹل اقدام سے نہ صرف قیدیوں کے اہلخانہ کو سہولت میسر آئے گی بلکہ جیل انتظامیہ کے لیے بھی ملاقاتوں کا انتظام بہتر انداز میں ممکن ہو سکے گا۔