وزیر جیل علی حسن زرداری کا سینٹرل جیل کراچی کا دورہ، صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کی ہدایت

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات و ورکس اینڈ سروسز علی حسن زرداری نے اچانک سینٹرل جیل کراچی کا سرپرائز دورہ کیا۔ دورے کا مقصد جیل میں جاری انتظامی امور، قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات اور مجموعی نظم و ضبط کا براہِ راست جائزہ لینا تھا۔

صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے جیل کے مختلف حصوں کا تفصیلی معائنہ کیا، جن میں بیرکس، کچن، اسپتال، ملاقات گاہ، پانی و نکاسیٔ آب کے انتظامات اور سیکیورٹی پوائنٹس شامل تھے۔ انہوں نے قیدیوں کو فراہم کی جانے والی خوراک کے معیار، صفائی ستھرائی، طبی سہولیات اور سیکیورٹی انتظامات کا بغور جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے بعض مقامات پر فوری بہتری کی ہدایات بھی جاری کیں۔

صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے جیل میں موجود قیدیوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل سنے۔ قیدیوں نے طبی سہولیات، ملاقات کے نظام اور بنیادی ضروریات سے متعلق اپنی تجاویز اور شکایات پیش کیں، جن پر صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ قیدیوں کے انسانی حقوق کا تحفظ حکومتِ سندھ کی ترجیح ہے اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔

صوبائی وزیر علی حسن زرداری نے جیل انتظامیہ کو ہدایت کی کہ صفائی ستھرائی کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جائے، قیدیوں کے لیے صحت کی سہولیات کو بہتر کیا جائے اور سیکیورٹی کے تمام تقاضوں پر سختی سے عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جیلیں صرف سزا کی جگہ نہیں بلکہ اصلاح اور بحالی کا مرکز ہونی چاہئیں، تاکہ قیدی معاشرے میں ایک ذمہ دار شہری کے طور پر واپس لوٹ سکیں۔

دورے کے اختتام پر علی حسن زرداری نے کہا کہ حکومتِ سندھ جیلوں میں شفاف، منصفانہ اور انسانی وقار کے مطابق نظام کے قیام کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ صوبے بھر کی جیلوں کے اچانک دورے جاری رہیں گے تاکہ اصلاحی عمل کی رفتار تیز کی جا سکے اور عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button