پیپلز پارٹی کا 40 سال بعد مینارِ پاکستان پر واپسی کا اعلان، 25 جولائی کو بڑا سیاسی جلسہ ہوگا

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان پیپلز پارٹی نے چار دہائیوں بعد ایک بار پھر مینارِ پاکستان لاہور میں بڑا سیاسی اجتماع منعقد کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
پیپلز پارٹی کی قیادت کے مطابق 25 جولائی کو مینارِ پاکستان گراؤنڈ میں تاریخی کنونشن اور جلسہ منعقد کیا جائے گا، جو 25 اور 26 جولائی کی درمیانی شب تک جاری رہے گا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما فیصل میر نے بتایا کہ آخری مرتبہ 10 اپریل 1986 کو شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے مینارِ پاکستان پر تاریخی جلسے سے خطاب کیا تھا، جس کے بعد اب تقریباً 40 سال بعد پارٹی اسی مقام پر دوبارہ عوامی اجتماع کرنے جا رہی ہے۔
فیصل میر کے مطابق 25 جولائی کا جلسہ پارٹی کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ہوگا، جس میں ملک بھر سے کارکنوں، رہنماؤں اور پارٹی عہدیداروں کی بڑی تعداد شرکت کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ جلسے کی تیاریوں کے سلسلے میں پیپلز پارٹی نے خصوصی ترانہ بھی جاری کر دیا ہے، جبکہ لاہور میں تنظیمی سرگرمیوں اور انتظامی امور کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔
واضح رہے کہ 10 اپریل 1986 کو مینارِ پاکستان لاہور میں پیپلز پارٹی کا تاریخی جلسہ منعقد ہوا تھا، جو بے نظیر بھٹو کی جلاوطنی ختم کرکے وطن واپسی کے موقع پر ان کے استقبال کے لیے کیا گیا تھا۔
بے نظیر بھٹو کی لاہور آمد پر ایئرپورٹ سے مینارِ پاکستان تک عوام کا ایک بڑا جم غفیر موجود تھا۔ سیاسی مبصرین کے مطابق یہ ملکی تاریخ کے بڑے عوامی اجتماعات میں شمار کیا جاتا ہے، جہاں لاکھوں افراد نے شرکت کی تھی۔
اس تاریخی استقبال کے دوران عوام کی بڑی تعداد کے باعث بے نظیر بھٹو کا قافلہ ایئرپورٹ سے مینارِ پاکستان تک پہنچنے میں کئی گھنٹے لے گیا تھا۔



