تھرپارکر میں انسدادِ پولیو مہم 18 مئی سے شروع، ایک لاکھ سے زائد بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف

تھرپارکر (رپورٹ : میندھرو کاجھروی/ جانو ڈاٹ پی کے) ضلع تھرپارکر میں انسدادِ پولیو مہم 18 مئی سے شروع ہوکر 21 مئی 2026 تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے ایک لاکھ 10 ہزار 483 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ہدف کے حصول کے لیے مجموعی طور پر 470 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں، جن میں 431 موبائل ٹیمیں، 15 فکسڈ ٹیمیں اور 24 ٹرانزٹ ٹیمیں شامل ہیں۔ ٹرانزٹ ٹیمیں ضلع کے داخلی و خارجی راستوں، بس اڈوں اور دیگر مصروف مقامات پر تعینات کی جائیں گی تاکہ مہم کی سو فیصد کوریج یقینی بنائی جا سکے یہ بریفنگ ڈپٹی کمشنر تھرپارکر عبدالحلیم جاگیرانی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقدہ ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی کے اجلاس میں دی گئی۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر تھرپارکر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی، پولیو مہم کے فوکل پرسن ڈاکٹر بھرت کمار سونی سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر عبدالحلیم جاگیرانی نے کہا کہ پولیو جیسے موذی مرض کے مکمل خاتمے کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور جامع حکمت عملی کے تحت پیشگی اقدامات مکمل کریں تاکہ پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بھی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے۔ قبل ازیں ڈپٹی کمشنر تھرپارکر نے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر لیکھراج سارنگانی اور دیگر افسران کے ہمراہ سول اسپتال مٹھی میں بچوں کو پولیو کے قطرے پلا کر مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ بعد ازاں ڈی سی تھرپارکر کی قیادت میں سول اسپتال مٹھی سے آگاہی واک اور ریلی بھی نکالی گئی۔



