اٹارنی جنرل منصور اعوان کے گھر پولیس چھاپہ: ایس پی کینٹ عہدے سے ہٹا دیے گئے

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) اٹارنی جنرل پاکستان منصور عثمان کے گھر پر پولیس چھاپے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں ایس پی کینٹ کو عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کے لیے سی سی پی او لاہور نے دو افسران کو انکوائری افسر مقرر کر دیا ہے، جنہوں نے جائے وقوعہ کا معائنہ بھی کر لیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق دونوں انکوائری افسران تحقیقات مکمل کرنے کے بعد اپنی رپورٹ سی سی پی او کو پیش کریں گے، جس کی روشنی میں مزید کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واضح رہے کہ اس سے قبل اٹارنی جنرل منصور اعوان کے گھر غلط فہمی کی بنیاد پر پولیس نفری لے جانے کے معاملے پر ایس ایچ او سمیت 11 پولیس اہلکاروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔
اٹارنی جنرل کے ڈرائیور عرفان کے مطابق پولیس جب گھر پہنچی تو وہاں صرف ملازمین موجود تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکاروں نے گھر کے باہر رکھے گملے بھی توڑ دیے اور جاتے ہوئے سی سی ٹی وی کیمروں کا ڈی وی آر اپنے ساتھ لے گئے۔
عرفان کے مطابق جب اٹارنی جنرل میٹنگ سے واپس گھر پہنچے تو پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج ڈیلیٹ کرنے کے بعد ڈی وی آر واپس کر گئی۔



