لاڑکانہ میں مبینہ پولیس مقابلہ، 2 انتہائی مطلوب کار لفٹر ہلاک

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران دو انتہائی مطلوب کار لفٹر ہلاک ہوگئے۔
ایس ایس پی احمد چودھری کے مطابق تھانہ ولید کی حدود آریجا روڈ پر پولیس اہلکاروں نے ایک مشتبہ گاڑی کو روکنے کا اشارہ کیا تو مسلح ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔ پولیس کی جوابی فائرنگ میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ہلاک ملزمان کے قبضے سے رائفل، پستول اور چوری شدہ مہران کار برآمد ہوئی۔ برآمد ہونے والی گاڑی کی چوری کا مقدمہ نمبر 195/2026 تھانہ بہادر آباد کراچی میں درج ہے۔
ایس ایس پی کے مطابق ہلاک ملزمان کی شناخت بین الصوبائی کار لفٹر گینگ کے سرغنہ گلشن گوپانگ اور غلام شبیر کلہوڑو کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ دونوں ملزمان 100 سے زائد گاڑیاں چوری کرنے سمیت درجنوں سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔
پولیس کے مطابق دونوں ملزمان اس سے قبل بھی لاڑکانہ پولیس کے ساتھ مبینہ مقابلے میں زخمی حالت میں گرفتار ہوکر جیل جا چکے تھے، جبکہ اس کارروائی کے دوران بھی ان کے قبضے سے کراچی سے چوری ہونے والی گاڑی برآمد ہوئی تھی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہلاک ملزمان کے خلاف کراچی، خیرپور میرس، گھوٹکی اور لاڑکانہ کے مختلف تھانوں سے مزید مجرمانہ ریکارڈ موصول ہونا شروع ہوگیا ہے۔
پولیس کے مطابق ریکارڈ میں کراچی کے تھانہ صدر، آرٹلری میدان، ڈیفنس، کورنگی، بہادرآباد، عزیز بھٹی، ماڈل کالونی، مبینہ ٹاؤن، جوہر آباد، نیو ٹاؤن، درخشاں، گزری، جمشید کوارٹر اور AVLC سمیت دیگر تھانے شامل ہیں، جبکہ گھوٹکی، خیرپور میرس اور لاڑکانہ کے متعدد تھانوں میں بھی ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہیں۔



