حرمین شریفین کے سائے میں طے پانے والا معاہدہ اگلی نسلوں کیلئے امن کی ڈھال ہوگا،وزیراعظم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو ترقی و خوش حالی کا باعث قرار دیتے ہوئے کہا ہے دعا ہے حرمین شریفین کے سائے تلے طے پانے والا تاریخی معاہدہ آنے والی نسلوں کے لیے امن و استحکام کی ایک ڈھال ثابت ہو۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ مجھے اپنے عزیز بھائیوں ولی عہد محمد بن سلمان اور صدر رجب طیب اردوان کے ہمراہ مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر دستخط کرنے کا شرف حاصل ہوا۔انہوں نے کہا کہ تینوں برادر ممالک ایمان، دوستی اور امن و سلامتی کے مشترکہ عزم کے رشتے میں بندھے ہوئے ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دعا ہے کہ حرمین شریفین کے سائے تلے طے پانے والا یہ تاریخی معاہدہ آنے والی نسلوں کے لیے امن و استحکام کی ڈھال ثابت ہو اور ہمارے تینوں برادر ممالک کے ساتھ ساتھ پوری امت مسلمہ کے لیے بھی ترقی، خوش حالی اور خیر و برکت کا ذریعہ بنے۔ان کا کہنا تھا کہ میں بالخصوص فیلڈ مارشل عاصم منیر کا تہہ دل سے مشکور ہوں، جن کی انتھک کاوشوں، غیر معمولی لگن اور عزم نے اس عظیم مقصد کو پایہ تکمیل تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔



