راولپنڈی پولیس نے قیدی وین سے فرار ہونے والے آخری ملزم کو بھی گرفتار کرلیا

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے)تحصیل کچہری کہوٹہ سے پیشی کے بعد سینٹرل جیل اڈیالہ منتقلی کے دوران تھانہ سہالہ کے علاقے چکیاں اسٹاپ پر قیدی وین سے فرار 14 حوالاتیوں میں سے مفرور آخری ملزم بھی گرفتار کرلیا گیا ، جس کے بعد راولپنڈی پولیس کا گرینڈ سرچ آپریشن مکمل ہوگیا۔
راولپنڈی پولیس نے بتایا کہ قیدی وین سے مجموعی طور پر 14 حوالاتی پولیس عملے کی آنکھوں میں مرچیں پھینک کر فرار ہوگئے تھے جن میں سے 4 کو موقع پر موجود پولیس ٹیموں نے فوری طور پر گرفتار کرلیا تھا جبکہ عاصم دانش، اسد الرحمان سمیت دیگر ملزمان مخلتف سمتوں میں فرار ہوکر روپوش ہوگئے تھے۔
بیان میں کہا گیا کہ ایس ایس پی آپریشن ملک طارق محبوب کی سربراہی میں رات دن ملزمان کے گھروں اور متوقع ٹھکانوں پر چھاپوں اور سرچ آپریشن کا سلسہ جاری رکھا اور ملزمان کے اہل خانہ اور علاقے کے عمائدین کے ذریعے یہ باور کرایا کہ سرینڈر کرکے خود کو پولیس کے حوالے کرنے والوں سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا اور اگر پولیس کو کسی جگہ گرفتاریوں کے لیے آپریشن کرنے پڑے تو ایسے میں ہونے والے ردعمل یا اقدام کی ذمہ داری پولیس پر نہیں ہوگی۔



