پمز آتشزدگی: آئی سی یو میں 2 ڈاکٹرز اور 4 نرسز موجود تھے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) پمز اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر رانا عمران نے دعویٰ کیا ہے کہ آتشزدگی کے وقت آئی سی یو میں 2 ڈاکٹرز، 4 نرسز اور دیگر عملہ موجود تھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا عمران نے کہا کہ ایک ڈاکٹر نے نومولود کی جان بچائی، جبکہ اسپتال میں فائر سیفٹی کا نظام تسلی بخش تھا۔ انہوں نے کہا کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں اور جو بھی قصوروار پایا گیا اسے سزا دی جائے گی۔
ایگزیکٹو ڈائریکٹر پمز کے مطابق نرسری میں 24 آکسیجن سلنڈر موجود تھے جبکہ ریسکیو ٹیم کو کارروائی کے دوران کسی قسم کی رکاوٹ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
رانا عمران نے کہا کہ ماضی میں بچوں کی چوری کے واقعات کے باعث نرسری میں داخلہ محدود رکھا گیا تھا۔
واضح رہے کہ اسلام آباد کے پمز اسپتال کے نرسری وارڈ میں آتشزدگی کے نتیجے میں 14 نومولود جاں بحق ہوگئے۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق ابتدائی طور پر آگ ایئر کنڈیشنر کے کمپریسر میں دھماکے کے بعد لگی۔ آتشزدگی صبح تقریباً 7 بجے گائنی وارڈ کے ایم سی ایچ وارڈ کی تیسری منزل پر ہوئی، جس پر فائر بریگیڈ کی 6 گاڑیوں نے قابو پایا۔



