نج کاری کے بعد پی آئی اے میں نئے طیاروں کی شمولیت سمیت بڑے فیصلے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے قومی ایئرلائن کی نج کاری کے بعد پہلے اجلاس میں نئے جہازوں کی شمولیت سمیت بڑے فیصلے کیے ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ کئی سال بعد پی آئی اے میں نئے جہازوں کو بیڑے میں شامل کرنے کے معاملے میں بڑی پیش رفت ہوئی ہے اور پی آئی اے میں فوری دو نئے طیارے لیز پر حاصل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جس کی پی آئی اے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ویٹ لیز پر دو طیاروں کی فوری انڈکشن کی منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کے مطابق دونوں طیارے اکتوبر میں پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہوں گے، دونوں ویٹ لیز پر حاصل کیے جانے والے طیارے یورپی فلائٹ آپریشن کے لیے استعمال ہوں گے، ویٹ لیز پر حاصل کیے طیارے ابتدائی طور پر 6 ماہ کے لیے پی آئی اے کے بیڑے میں شامل ہوں گے۔
پی آئی اے میں نئے طیاروں کی شمولیت سے آمدنی میں اضافہ ہوگا، ویٹ لیز پر حاصل طیاروں کے کپتان اور فضائی میزبان بھی اسی کمپنی کے ہوتے ہیں، یہ دونوں طیارے امریکی بوئنگ کمپنی سے ڈیل کے علاوہ ہیں۔
ذرائع نے بتایا کہ پی آئی اے نے امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ سے 16 طیارے خریدنے کے حوالے سے گزشتہ ماہ بوئنگ کے امریکا میں ہیڈکوارٹرز کا دورہ بھی کیا تھا۔



