خیبرپختونخوا میں گورنر راج یا ایمرجنسی کا فیصلہ کابینہ کرے گی، فیصل کریم کنڈی

پشاور(ویب ڈیسک) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ صوبے میں گورنر راج نافذ ہوگا، ایمرجنسی لگائی جائے گی یا دونوں اختیارات استعمال کیے جائیں گے، اس حوالے سے حتمی فیصلے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیے جائیں گے۔ انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مزید مذاکرات کا امکان بھی مسترد کر دیا۔
ایک انٹرویو کے دوران فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ اگر پی ٹی آئی کارکنوں نے گورنر ہاؤس پر چڑھائی کی تو غیر قانونی اقدام کے الزام میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کو گرفتار کرنے کا حکم دیں گے۔
گورنر کے بیان کے بعد خیبرپختونخوا میں ممکنہ گورنر راج اور ایمرجنسی کے نفاذ سے متعلق سیاسی صورتحال مزید اہمیت اختیار کر گئی ہے، تاہم ان اقدامات کے حوالے سے حتمی فیصلہ وفاقی کابینہ کی مشاورت سے کیا جائے گا۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پی ٹی آئی کا لانگ مارچ مردان پہنچ گیا، جہاں وزیراعلیٰ نے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ وہ 13 اکتوبر کو صوابی میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔
سہیل آفریدی نے اپنے خطاب میں الزام عائد کیا کہ مخالفین پی ٹی آئی کو ختم کرنا چاہتے ہیں اور خیبرپختونخوا کو اس کا قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کا حصہ فراہم نہیں کیا جا رہا۔
انہوں نے پارٹی کارکنوں سے خطاب کے دوران اپنے مؤقف کا اعادہ کیا اور کہا کہ آئندہ کی حکمت عملی کا اعلان صوابی میں کیا جائے گا۔



