پیٹ کمنز آسٹریلیا کیلئے کم از کم 21 مزید ٹیسٹ میچز کھیلنے کے خواہشمند

کینبرا(ویب ڈیسک) آسٹریلوی ٹیسٹ اور ون ڈے کپتان پیٹ کمنز نے امید ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ 12 ماہ کے مصروف ترین کرکٹ شیڈول کے دوران تمام ٹیسٹ میچز کھیلنے کے لیے مکمل فٹ رہیں گے۔

پیٹ کمنز نے کہا کہ اگرچہ وہ تمام ٹیسٹ میچز کھیلنے کے خواہاں ہیں، تاہم آسٹریلیا کے تینوں اہم فاسٹ باؤلرز کا ہر میچ میں دستیاب رہنا غیر معمولی بات ہوگی، اس لیے روٹیشن پالیسی ناگزیر ہو سکتی ہے۔

کمر کی انجری کے باعث طویل عرصے تک کرکٹ سے دور رہنے کے بعد کمنز نے حال ہی میں آئی پی ایل کے ذریعے مسابقتی کرکٹ میں واپسی کی، جہاں انہوں نے تقریباً چار ماہ بعد میدان میں قدم رکھا۔

آسٹریلوی کپتان کے مطابق طبی معائنے کے نتائج حوصلہ افزا ہیں اور اب ان کی توجہ اپنی فٹنس کو ٹیسٹ کرکٹ کے سخت تقاضوں کے مطابق بہتر بنانے پر مرکوز ہے۔

آسٹریلیا اگست میں بنگلادیش کے خلاف ہوم سیریز سے ایک مصروف دور کا آغاز کرے گا، جس دوران ٹیم آئندہ ایک سال میں ممکنہ طور پر 21 ٹیسٹ میچز کھیلے گی، جن میں بھارت، انگلینڈ اور جنوبی افریقا کے اہم دورے بھی شامل ہیں۔

پیٹ کمنز نے واضح کیا کہ ان کی اولین ترجیح ٹیسٹ کرکٹ ہوگی، جس کے باعث محدود اوورز کی کرکٹ اور بگ بیش لیگ میں شرکت محدود رکھی جا سکتی ہے۔

انہوں نے تجربہ کار فاسٹ باؤلر جوش ہیزل ووڈ کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ انجری مسائل کے باوجود وہ مستقبل میں باقاعدگی سے ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button