بالی ووڈ اداکار پنکج ترپاٹھی کے بڑے بھائی پر قاتلانہ حملہ،ملزم گرفتار

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کے مایہ ناز اداکار پنکج ترپاٹھی کے بڑے بھائی وجیندر ناتھ ترپاٹھی پر بہار کے ضلع گوپال گنج میں تیز دھار آلے سے حملہ کر کے انہیں شدید زخمی کر دیا گیا ہے۔
اس ہولناک واقعے کی اطلاع ملتے ہی اداکار پنکج ترپاٹھی تمام مصروفیات چھوڑ کر فوراً پٹنہ پہنچ گئے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ پنکج اپنے بھائی کی عیادت کے لیے پٹنہ پہنچ چکے ہیں، لیکن اس وقت وہ شدید ذہنی دباؤ اور صدمے کی وجہ سے میڈیا سے بات کرنے کی حالت میں نہیں ہیں۔
وجیندر ناتھ کے جسم پر متعدد زخم آئے ہیں، تاہم ڈاکٹروں کے مطابق اب ان کی حالت مستحکم ہے اور جان کو کوئی خطرہ نہیں ہے۔
مقامی پولیس کے مطابق یہ حملہ اتوار کے روز ان کے آبائی گاؤں ’بیلسند تیواری ٹولہ‘ میں زمین کے تنازع پر ہوا۔
وجیندر ناتھ کو پہلے گوپال گنج ماڈل ہسپتال لے جایا گیا، جہاں حالت بگڑنے پر انہیں پٹنہ کے اسپتال منتقل کیا گیا۔
گوپال گنج کے ایس پی کے مطابق پنکج ترپاٹھی کے بھائی پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔



