ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 90 رنز سے شکست دے دی

ٹروبا(جانوڈاٹ پی کے)ویسٹ انڈیز نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 90 رنز سے ہرادیا، پاکستان کی ٹیم 211 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 120رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
ٹروبا کے برائن لارا اکیڈمی میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں پاکستان کے 8 کھلاڑی ڈبل فیگرز میں داخل نہ ہوسکے۔
اذان اویس، امام الحق اور شان مسعود 3۔ 3 رنز بناکر آوٹ ہوئے، علی عثمان نے 2 جبکہ خرم شہزاد نے 4 رنز بنائے۔
سلمان علی آغا، عامر جمال اور محمد علی صفر پر آوٹ ہوئے جبکہ کپتان بابر اعظم 58 رنز بناکر ناٹ آوٹ رہے۔
قبل ازیں ویسٹ انڈیز نے چوتھے دن کھیل کا آغاز 126 رنز 7 کھلاڑی آؤٹ کے ساتھ کیا، جہاں ویسٹ انڈین بیٹرز ٹوٹل 181 رنز تک پہنچا کر آل آؤٹ ہوگئے۔
تاہم پہلی اننگز کی 29 رنز کی برتری کے بدولت ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو جیت کے لیے 211 رنز کا ہدف دیا۔
مشکل وکٹ پر یہ ہدف پاکستانی بیٹرز کے سامنے پہاڑ بن گیا۔ قومی بیٹرز ویسٹ انڈیز کی فاسٹ بولنگ کے سامنے بےبس ہوگئے جہاں کپتان بابر اعظم کے علاوہ کوئی کھلاڑی ان کا سامنا نہ کرسکا۔
ویسٹ انڈیز نے پہلی اننگز میں 311 رنز بنائے جہاں شے ہوپ نے 92 اور کیویم ہوج نے 84 رنز کی اننگز کھیلیں۔ پاکستان کی جانب سے محمد علی 4 اور محمد عباس 3 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
پاکستانی ٹیم پہلی اننگز میں 282 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی، شان مسعود نے 109 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور امام الحق نے 63 رنز بنائے۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے جسٹن گریوز 5 وکٹیں لے کر نمایاں رہے۔
ویسٹ انڈیز نے دو میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی ہے۔



