پاکستان اور برطانیہ میں بڑا معاشی اتفاق، سرمایہ کاری اور اصلاحات پر تعاون جاری رکھنے کا فیصلہ

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان اور برطانیہ نے معاشی اصلاحات اور سرمایہ کاری کے شعبے میں تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا۔ وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ معاشی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی معاشی اصلاحات کے لیے تکنیکی معاونت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، جبکہ نجی شعبے کی ترقی اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے پر بھی گفتگو ہوئی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام سے پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور حکومت کی توجہ پیداوار، سرمایہ کاری، برآمدات اور روزگار میں اضافے پر مرکوز ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی اصلاحات کی اہم ترجیحات طے کرلی ہیں جبکہ میکرو اکنامک استحکام برقرار رکھنا اہم ترجیح ہے۔وزیر خزانہ کے مطابق حکومت ساختی اصلاحات جاری رکھنے اور امداد سے تجارت کی طرف منتقلی پر توجہ دے رہی ہے۔ پاکستان میں سرمایہ کاروں کے لیے کاروباری ماحول بہتر بنانے کے اقدامات بھی جاری ہیں۔ملاقات میں برطانوی کمپنیوں اور پاکستانی ڈائسپورا کے ذریعے کاروباری تعاون بڑھانے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا جبکہ ایوی ایشن سیکٹر میں سرمایہ کاری اور فنانسنگ کے مواقع بھی زیر بحث آئے۔برطانوی ہائی کمشنر نے پاکستان کی جانب سے 3 ارب ڈالر کے یورو بانڈ کے اجرا کو بھی سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button