پاکستان ویمنز ٹیم نے بنگلا دیش کو شکست دے کر کانسی کا تمغہ جیت لیا

کوروجی (ویب ڈیسک) پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم نے ایشین گیمز 2026 کے برونز میڈل میچ میں بنگلا دیش کو 31 رنز سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ اپنے نام کرلیا۔

کوروجی اسپورٹس پارک میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے گل فیروزہ نے 31 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ کپتان فاطمہ ثنا نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے 30 گیندوں پر 3 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 45 رنز بنائے۔

بنگلا دیش کی جانب سے ناہیدہ اختر، شورنا اختر اور رتو مونی نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ سنجیدہ اختر ایک وکٹ لینے میں کامیاب رہیں۔

146 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیشی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 114 رنز بنا سکی۔ پاکستان کی جانب سے امِ ہانی نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جبکہ فاطمہ ثنا، تسمیہ رباب، نشرا سندھو اور عائشہ ظفر نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

پاکستان نے اس کامیابی کے ساتھ ایشین گیمز 2026 میں کانسی کا تمغہ حاصل کرلیا۔ اس سے قبل پاکستان کو سیمی فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں 8 وکٹوں سے شکست ہوئی تھی، جس کے بعد قومی ٹیم برونز میڈل کے مقابلے میں بنگلا دیش کے مدمقابل آئی۔

ایونٹ کے گولڈ میڈل میچ میں آج سری لنکا اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔

مزید خبریں

Back to top button