ازبک نائب وزیراعظم 20 جولائی کو پاکستان پہنچیں گے، 5 سالہ اقتصادی روڈ میپ پر دستخط متوقع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں ازبکستان کے نائب وزیراعظم جمشید خوجایوف کے آئندہ دورۂ پاکستان کی تیاریوں اور دوطرفہ اقتصادی تعاون کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ ازبکستان کے نائب وزیراعظم 20 اور 21 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے، جس کے دوران دونوں ممالک کے درمیان پانچ سالہ اقتصادی تعاون کے روڈ میپ پر دستخط متوقع ہیں۔
احد چیمہ نے کہا کہ ازبک نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان اور ازبکستان کے تعلقات میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا، جبکہ پانچ سالہ روڈ میپ سے باہمی تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
وفاقی وزیر نے تمام متعلقہ وزارتوں کو ہدایت کی کہ دورے سے متعلق تمام انتظامات بروقت اور فول پروف انداز میں مکمل کیے جائیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں (ایم او یوز) پر اتفاقِ رائے ہو چکا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ دورے کے دوران پاک۔ازبک بزنس ٹو بزنس (B2B) فورم بھی منعقد ہوگا، جس میں ازبکستان کی 100 سے زائد بڑی کمپنیاں شرکت کریں گی۔ فورم میں زراعت، ادویات، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری اور تجارتی تعاون کے مواقع پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
اجلاس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان سڑک اور ریل رابطوں کو بہتر بنانے، ٹرانسپورٹ راہداریوں کی استعداد کار بڑھانے اور لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانے سے متعلق تجاویز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں معاون خصوصی ہارون اختر خان، سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ، سیکرٹری ریلوے مظہر علی شاہ، سیکرٹری کامرس جواد پال، سیکرٹری آئی ٹی ضرار ہاشم، سیکرٹری اقتصادی امور حمیر کریم سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔



