پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی برقرار، کاروبار کے آغاز پر 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ


کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروباری ہفتے کے دوسرے روز بھی سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رہا، جس کے باعث کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی۔
ابتدائی ٹریڈنگ کے دوران کے ایس ای 100 انڈیکس میں 800 سے زائد پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس بڑھ کر 1 لاکھ 79 ہزار 123 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ گیا۔
مارکیٹ ماہرین کے مطابق خریداری کے بڑھتے رجحان کے باعث کاروبار کے آغاز سے ہی مثبت ماحول دیکھنے میں آیا، جبکہ سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث انڈیکس نے تیزی کا رخ برقرار رکھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ کاروباری روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں شاندار تیزی دیکھی گئی تھی، جہاں کے ایس ای 100 انڈیکس 7 ہزار 241 پوائنٹس کے نمایاں اضافے کے ساتھ 1 لاکھ 78 ہزار 262 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔