کامن ویلتھ گیمز میں ارشد ندیم کی ناکامی: اتھلیٹکس فیڈریشن کا حکومت اور اسپورٹس بورڈ سے رابطے کا فیصلہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے اولمپک گولڈ میڈلسٹ جیولن تھروور ارشد ندیم کی توقعات کے برعکس کارکردگی اور ٹائٹل کا دفاع نہ کر پانے پر پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن (اے ایف پی) نے سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے معاملے کا سنگین نوٹس لے لیا ہے۔

فیڈریشن نے اس حوالے سے حکومتِ پاکستان، وزارتِ بین الصوبائی رابطہ (IPC) اور پاکستان اسپورٹس بورڈ (PSB) سے باقاعدہ رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

فیڈریشن کے ذرائع کے مطابق اے ایف پی جلد حکومت کو ایک تفصیلی اور جامع خط ارسال کرے گی، جس میں میگا ایونٹ کے لیے قومی ایتھلیٹ کی تیاری، کوچنگ کے معیار اور انتظامی امور سے جڑے تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ ارشد ندیم نے گزشتہ کامن ویلتھ گیمز اور پیرس اولمپکس میں پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کی براہِ راست نگرانی میں تربیت حاصل کر کے تاریخی کامیابی حاصل کی تھی، تاہم اس بار ایک غیر کوالیفائیڈ کوچ کی زیرِ نگرانی تیاری کے باعث قومی ایتھلیٹ اپنے اعزاز کا دفاع کرنے میں ناکام رہے۔

فیڈریشن کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چند مخصوص افراد کے اتھلیٹکس فیڈریشن کے ساتھ ذاتی اور انتظامی اختلافات کی وجہ سے قومی مفاد کو شدید نقصان پہنچا، جس کا خمیازہ پاکستان کو عالمی سطح پر ناکامی کی صورت میں بھگتنا پڑا۔ اے ایف پی کا کہنا ہے کہ وہ تمام حقائق حکومتی ایوانوں کے سامنے رکھے گی تاکہ مستقبل میں قومی ایتھلیٹس کی بہتر کوچنگ اور انتظامی شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزید خبریں

Back to top button