پاکستانی زرعی و غذائی برآمدات سعودی عرب کو 3 ارب ڈالر تک لے جانے کا عزم

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف کی ذاتی دلچسپی سے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی و غذائی تحفظ کے شعبے میں اہم پیش رفت سامنے آگئی۔ دونوں ممالک نے آئندہ دو سال میں سعودی عرب کو پاکستانی زرعی و غذائی برآمدات 3 ارب ڈالر تک بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان زرعی تعاون کے مشترکہ اعلامیے کے مطابق چاول، سرخ گوشت، پھل، کنسنٹریٹس اور سبز چارہ ترجیحی شعبے قرار دیے گئے ہیں، جبکہ جدید زرعی ٹیکنالوجی، مؤثر آبپاشی اور چھوٹے کاشتکاروں کیلئے پروگرامز میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق ہوا۔
اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے پاکستان سے چاول کی درآمد مزید بڑھانے میں دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان نے 2025 میں سعودی عرب کو تقریباً 169 ہزار ٹن چاول برآمد کیے جن کی مالیت تقریباً 163 ملین ڈالر رہی۔
سعودی فریق نے پاکستانی سرخ گوشت کی درآمد بتدریج دوگنا کرنے میں بھی دلچسپی ظاہر کی ہے۔ پاکستان اس وقت سالانہ تقریباً 30 ہزار ٹن سرخ گوشت سعودی عرب برآمد کرتا ہے، جس کی مالیت تقریباً 167 ملین ڈالر ہے۔
دونوں ممالک نے پھلوں اور کنسنٹریٹس کی تجارت بڑھانے، سعودی مارکیٹ میں پاکستانی پھلوں کا حصہ بڑھانے اور نجی شعبوں کے درمیان کاروباری روابط آسان بنانے پر اتفاق کیا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ زرعی مصنوعات کی معیار کی سرٹیفکیشن کی باہمی منظوری کیلئے بھی اقدامات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔
سعودی فریق نے سبز چارے کو طویل المدتی سپلائی پارٹنرشپ کیلئے امید افزا شعبہ قرار دیا۔ بھکر میں پانی کے مؤثر استعمال پر مبنی آبپاشی پروگرام کے پہلے مرحلے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے سعودی عرب نے چھوٹے کاشتکاروں کیلئے پروگرام کے دوسرے مرحلے میں بھی دلچسپی ظاہر کی۔
دونوں ممالک نے لائیو اسٹاک، ایگری فوڈ پراسیسنگ اور چاول کی ویلیو چین میں سرمایہ کاری کی تجاویز کا بھی جائزہ لیا اور زرعی شعبے میں تعاون و سرمایہ کاری کیلئے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔
سعودی وزیر ماحولیات، پانی و زراعت کی قیادت میں سعودی وفد نے 26 سے 28 اگست 2026 تک اسلام آباد کا دورہ کیا، جہاں وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات میں زرعی تعاون کے امکانات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
سعودی عرب نے پاکستان کو انٹرنیشنل ڈیٹس کونسل میں شمولیت کی ترغیب دی، جبکہ پاکستان نے 19 سے 22 اکتوبر 2026 کو ریاض میں ہونے والی 43ویں سعودی ایگریکلچر نمائش میں شرکت کی دعوت کا خیرمقدم کیا۔



