دادو میں زمین کے تنازع پر دو گروہوں میں خونریز جھڑپ، 8 افراد جاں بحق، 3 زخمی


دادو(جانوڈاٹ پی کے) کچے کے علاقے گوٹھ دانو چانڈیو میں زمین کے تنازع پر دو گروہوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 8 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق دونوں برادریوں کے درمیان زمین کے تنازع پر راستہ نکالنے کے معاملے پر جھگڑا ہوا، جس کے بعد دونوں جانب سے فائرنگ شروع ہوگئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہوئے، جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے علاقے میں کارروائی شروع کردی، جبکہ مزید کشیدگی سے بچنے کیلئے سکیورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔
دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گوٹھ دانو چانڈیو میں فائرنگ کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس اور لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ سندھ نے آئی جی پولیس سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے ملزمان کو فوری قانون کی گرفت میں لانے کی ہدایت کردی۔
مراد علی شاہ نے واضح کیا کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔