پٹرولیم قیمتوں اور ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف جماعت اسلامی کا بدین، تلہار اور گولارچی میں احتجاج

بدین(مرتضی میمن\جانوڈاٹ پی کے) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے، پٹرولیم لیوی اور دیگر ظالمانہ ٹیکسز کے خلاف جماعت اسلامی کی جانب سے بدین، تلہار اور گولارچی میں احتجاجی کیمپس قائم کردیئے گئے۔

جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر قائم احتجاجی کیمپس میں شرکاء نے پٹرولیم لیوی اور اضافی ٹیکسز کے خلاف نعرے بازی کرتے ہوئے حکومت سے عوام کو فوری ریلیف دینے کا مطالبہ کیا۔

اس موقع پر چاروں صوبوں میں گورنر ہاؤسز کے سامنے جاری احتجاج سے اظہار یکجہتی بھی کیا گیا۔ احتجاجی کیمپ سے جماعت اسلامی سندھ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری الطاف احمد ملاح، جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر انجینئر سید علی مردان شاہ گیلانی، جنرل سیکرٹری عبدالکریم بلیدی اور دیگر رہنماؤں نے خطاب کیا۔

الطاف احمد ملاح نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باوجود حکومت نے ملک میں پٹرول کی قیمت کم کرنے کے بجائے برقرار رکھی اور پٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ کردیا، جو عوام کے ساتھ ظلم و ناانصافی اور زخمیوں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام پر ٹیکسوں کا بوجھ کم کرے، پٹرولیم لیوی ختم کرے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔

احتجاجی کیمپ میں شرکاء نے "لیوی ٹیکس بھتہ ختم کرو، عوام کو ریلیف دو، اپنی عیاشیاں ختم کرو” اور "ظلم کے یہ ضابطے ہم نہیں مانتے” کے نعرے لگائے۔

مقامی رہنماؤں نے بھی خطاب کرتے ہوئے پٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی ٹیکسز واپس لینے کا مطالبہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button