پاکستان نے جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوے مسترد کر دیئے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے جموں و کشمیر سے متعلق بھارت کے بے بنیاد دعوے مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے یکطرفہ اقدامات متنازع خطے کی حیثیت تبدیل نہیں کرسکتے۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق جموں و کشمیر کا تنازع اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود قدیم ترین بین الاقوامی تنازعات میں شامل ہے۔ تنازع کا حتمی فیصلہ کشمیری عوام کی آزادانہ اور غیرجانبدارانہ رائے شماری کے ذریعے ہونا چاہیے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ رائے شماری اقوام متحدہ کی نگرانی اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق کرائی جانی چاہیے۔
ترجمان کے مطابق اقوام متحدہ کے سرکاری نقشوں میں جموں و کشمیر کو متنازع علاقہ ظاہر کیا گیا ہے، اس لیے بھارت کے نام نہاد سرکاری نقشوں اور یکطرفہ خودمختاری کے دعووں کی کوئی حیثیت نہیں۔
پاکستان نے عالمی برادری سے بھارتی اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں فوری بند کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے حصول کے لیے اپنے وعدے پورے کرے، جو متعلقہ اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کا تسلیم شدہ حق ہے۔



