پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کی سہ ملکی سیریز کا مجوزہ شیڈول سامنے آگیا


لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کا مجوزہ شیڈول سامنے آگیا، جس کے مطابق سیریز 18 اکتوبر سے یکم نومبر تک کھیلے جانے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق سیریز کا پہلا مرحلہ راولپنڈی میں ہوگا، جہاں 18، 20 اور 22 اکتوبر کو میچز کرانے کی تجویز دی گئی ہے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق دوسرا مرحلہ لاہور میں کھیلا جائے گا، جہاں 25، 27 اور 29 اکتوبر کو میچز شیڈول کیے گئے ہیں، جبکہ سہ ملکی سیریز کا فائنل یکم نومبر کو لاہور میں رکھنے کی تجویز ہے۔
سیریز میں میزبان پاکستان کے علاوہ انگلینڈ اور سری لنکا کی ٹیمیں شرکت کریں گی۔ تاہم شیڈول کو تمام متعلقہ کرکٹ بورڈز کی باہمی مشاورت کے بعد حتمی شکل دی جائے گی، جس کے بعد باضابطہ اعلان متوقع ہے۔
ذرائع کے مطابق سری لنکا کی ٹیم دورۂ پاکستان کے دوران دو ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی۔ ٹیسٹ اور ٹی ٹوئنٹی سیریز کے وینیوز اور تاریخوں پر بھی مشاورت جاری ہے۔