آئندہ بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 754 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ، پی ایس ڈی پی بڑھانے پر حکومت اور آئی ایم ایف میں مشاورت جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) آئندہ مالی سال کے بجٹ میں وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے مجموعی طور پر 754 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ہائی وے اتھارٹی (NHA) اور پاور ڈویژن کیلئے مجموعی طور پر 355 ارب روپے رکھنے کی تجویز ہے، جن میں سے 264 ارب روپے این ایچ اے اور 91 ارب روپے پاور ڈویژن کو دیے جانے کا امکان ہے۔
آبی وسائل ڈویژن کیلئے آئندہ مالی سال میں 179 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ صوبوں اور اسپیشل ایریاز کیلئے مجموعی طور پر 251 ارب روپے رکھنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
اعداد و شمار کے مطابق صوبائی نوعیت کے منصوبوں کیلئے 99 ارب روپے، انضمام شدہ اضلاع کیلئے 66 ارب روپے جبکہ آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کیلئے 86 ارب روپے مختص کیے جانے کا امکان ہے۔
دیگر شعبوں میں دفاعی ڈویژن کیلئے 11 ارب روپے، ہائر ایجوکیشن کمیشن کیلئے 41 ارب روپے، ریلوے ڈویژن کیلئے 28 ارب روپے اور پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کیلئے 25 ارب روپے مختص کرنے کا تخمینہ ہے۔ وزارت داخلہ کیلئے 16 ارب روپے اور وزارت اطلاعات کیلئے 4 ارب روپے سے زائد رکھے جانے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف وفاقی ترقیاتی پروگرام (PSDP) میں 200 ارب روپے اضافے کے خواہاں ہیں، تاہم فیڈرل بورڈ آف ریونیو (FBR) نے اضافی ریونیو اکٹھا کرنے سے معذرت کر لی ہے۔
رپورٹ کے مطابق پی ایس ڈی پی بڑھانے کے لیے وزارت خزانہ کو بجٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ بین الاقوامی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے بھی ترقیاتی بجٹ میں اضافے کیلئے ریونیو اہداف بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔



