یومِ دفاع و شہدا: افواج پاکستان کا وطن کی سلامتی اور خودمختاری کے تحفظ کا عہد

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) یومِ دفاع و شہدا کے موقع پر افواج پاکستان نے ملکی سلامتی، خودمختاری اور بقا کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
افسران اور جوانوں کا کہنا ہے کہ پاک فوج کا ہر جوان وطن کا محافظ ہے اور ملک کی بقا و سلامتی کا امین ہے۔ ہم پاکستان کی سرحدوں کے محافظ ہیں اور وطن کے حال اور مستقبل کی حفاظت کو اپنی ذمہ داری سمجھتے ہیں۔
فوجی افسران اور جوانوں نے کہا کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب بھی دشمن نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا، پاک افواج نے سینہ سپر ہو کر وطن کے دفاع کو مقدم رکھا۔ وطن سے محبت میں پاک فوج نے ہر ذمہ داری بھرپور انداز میں نبھائی اور پاکستانی ہونے پر ہمیشہ فخر کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاک افواج اور عوام مل کر پاکستان کے خوابوں اور قوم کی امیدوں کو آگے بڑھائیں گے۔ یومِ دفاع کے موقع پر وطن کے محافظوں نے محنت، اتحاد اور عزم کے ساتھ پاکستان کو اس کی منزلِ مقصود تک پہنچانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔



