پاکستانی پرچم بردار جہازوں کے خلاف جارحانہ کارروائی کو قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا، پاکستان
سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانا ناقابلِ قبول ہے، دفتر خارجہ


اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان نے سعودی عرب اور بحیرہ احمر میں تجارتی جہاز رانی کو نشانہ بنانے کی دھمکیوں کو ناقابلِ قبول قرار دیتے ہوئے حوثیوں کی جانب سے جاری اقدامات پر شدید تشویش اور مذمت کا اظہار کیا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان نے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ خطے میں امن و استحکام کے لیے تجارتی بحری راستوں کا محفوظ رہنا انتہائی ضروری ہے۔
دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستانی پرچم بردار جہازوں کے خلاف کسی بھی قسم کی جارحانہ کارروائی کو پاکستان کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ تصور کیا جائے گا۔
ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کے سمندری مفادات کے خلاف کسی بھی جارحانہ اقدام کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا، جبکہ بحیرہ احمر میں بین الاقوامی تجارتی جہاز رانی کے تحفظ کی اہمیت پر بھی زور دیا گیا۔