اسحاق ڈار کی اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات، عالمی امن اور کثیرالجہتی تعاون پر تبادلہ خیال

شنگھائی(جانوڈاٹ پی کے\ویب ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے شنگھائی میں ورلڈ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کانفرنس کے موقع پر اقوامِ متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں علاقائی و عالمی صورتحال، امن اور کثیرالجہتی تعاون سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ملاقات کے دوران اقوامِ متحدہ کے پلیٹ فارم پر جاری تعاون اور دونوں رہنماؤں کے درمیان حالیہ ٹیلیفونک رابطوں پر بھی گفتگو ہوئی۔

اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ ملاقات میں خطے اور دنیا کو درپیش تازہ ترین صورتحال کے علاوہ مشترکہ عالمی چیلنجز سے نمٹنے، عالمی امن، پائیدار ترقی اور جامع پیش رفت کے فروغ کے لیے کثیرالجہتی تعاون کی اہمیت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان نے یاد دلایا کہ گزشتہ روز اسحاق ڈار نے اسی کانفرنس کے موقع پر چین کے وزیر خارجہ وانگ یی سے بھی ملاقات کی تھی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، علاقائی صورتحال اور اقتصادی تعاون پر بات چیت ہوئی۔

ملاقات میں وفاقی وزیر شزا فاطمہ خواجہ، وزیراعلیٰ پنجاب کے مشیر علی ڈار، بلال بن ثاقب، وزارت خارجہ کے ایڈیشنل سیکرٹری اسد گیلانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان اور چین نے ملاقات کے دوران دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیتے ہوئے سی پیک 2.0 کے تحت اعلیٰ معیار کی ترقی، تجارت، سرمایہ کاری اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Back to top button