ازبک نائب وزیراعظم کی 20 جولائی کوپاکستان آئیں گے،5 سالہ اقتصادی روڈ میپ پر دستخط متوقع

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ازبکستان کے نائب وزیراعظم جمشید خوجایوف 20 اور 21 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے ان کے دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان 5 سالہ اقتصادی تعاون کے روڈ میپ پر دستخط متوقع ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان نے ازبکستان کے نائب وزیراعظم کے دورہ کے حوالے سے تیاریوں کو حتمی شکل دینا شروع کردی ہے اس حوالے سے وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور احد چیمہ کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر احد چیمہ نے ازبکستان کے نائب وزیراعظم کے دورہِ پاکستان کی تیاریوں کا جائزہ لیا۔ اجلاس میں بتایا گیا کہ ازبکستان کے نائب وزیراعظم جمشید خوجایوف 20 اور 21 جولائی کو پاکستان کا دورہ کریں گے اور اس دورے کے دوران پاکستان اور ازبکستان کے درمیان 5 سالہ اقتصادی تعاون کے روڈ میپ پر دستخط متوقع ہیں۔

احد چیمہ کا کہنا تھا کہ ازبک نائب وزیراعظم کا دورہ دونوں ممالک کی شراکت داری میں اہم سنگ میل ثابت ہوگا اور پانچ سالہ روڈ میپ سے باہمی تجارت، سرمایہ کاری اور علاقائی رابطوں کو فروغ ملے گا۔

اس موقع پر احد چیمہ نے تمام متعلقہ وزارتوں کو تیاریاں بروقت اور فول پروف مکمل کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر اتفاق رائے ہو چکا ہے ازبک نائب وزیراعظم کے دورے کے دوران پاک-ازبک بزنس ٹو بزنس فورم کا انعقاد کیا جائے گا۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ ازبکستان کی 100 سے زائد بڑی کمپنیاں پاکستان میں بزنس فورم میں شرکت کریں گی، زراعت، ادویات، ٹرانسپورٹ، لاجسٹکس اور انڈسٹری کے شعبوں میں سرمایہ کاری پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

احد چیمہ کا کہنا تھا کہ اجلاس میں پاکستان اور ازبکستان کے درمیان روڈ اور ریل رابطے بہتر بنانے پر تفصیلی غور کیا گیا۔ ٹرانسپورٹ راہداریوں کی استعداد کار بڑھانے اور لاجسٹکس کے بنیادی ڈھانچے کو مضبوط کرنے کی تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔

مزید خبریں

Back to top button