نادرا کی نئی سہولت، بیرونِ ملک افراد کے ویزا اسپانسرز اب گھر بیٹھے موبائل سے بائیو میٹرک تصدیق کر سکیں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے پاکستانی شہریوں کے لیے ایک نئی ڈیجیٹل سہولت متعارف کرا دی ہے، جس کے تحت بیرونِ ملک افراد کو پاکستانی ویزا کے لیے اسپانسر کرنے والے شہری اب پاک آئی ڈی (Pak ID) موبائل ایپ کے ذریعے گھر بیٹھے اپنی بائیو میٹرک تصدیق مکمل کر سکیں گے۔
نادرا کے مطابق پاکستان آن لائن ویزا سسٹم میں جمع کرائی گئی ویزا درخواست کے لیے اسپانسر کی بائیو میٹرک تصدیق اب موبائل فون کے ذریعے ممکن ہوگی، جس کے لیے کسی دفتر جانے یا اضافی فیس ادا کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی۔
حکام کا کہنا ہے کہ ویزا درخواست جمع ہونے کے بعد اسپانسر کو درخواست کی تفصیلات پر مشتمل ای میل موصول ہوگی، جس کے بعد وہ پاک آئی ڈی موبائل ایپ میں لاگ اِن کرکے بائیو میٹرک تصدیق کا عمل مکمل کر سکے گا۔
نادرا کے مطابق پہلی مرتبہ ایپ استعمال کرنے والے صارفین کو اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا، جس کے لیے ای میل، فنگر پرنٹس اور چہرے کی تصدیق لازمی ہوگی۔ اکاؤنٹ فعال ہونے کے بعد صارف نادرا سروسز کے ذریعے متعلقہ آپشن منتخب کرکے اپنی یا قریبی خونی رشتہ دار کی بائیو میٹرک تصدیق کر سکے گا۔
حکام نے بتایا کہ تصدیقی عمل مکمل ہونے پر صارف کو "Verification Successful” کا پیغام موصول ہوگا، جس کے بعد ویزا درخواست کا اسٹیٹس خودکار طور پر اپ ڈیٹ ہو جائے گا اور مزید کارروائی کا آغاز کر دیا جائے گا۔
نادرا کے مطابق اس نئی سہولت کا مقصد ویزا اسپانسر شپ کے عمل کو زیادہ محفوظ، تیز، شفاف اور آسان بنانا ہے تاکہ شہری دفتری کارروائی کے بغیر اپنے موبائل فون سے ہی بائیو میٹرک تصدیق مکمل کر سکیں۔



